کراچی: عالمی یومِ جمہوریت پر پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صرف جمہوریت ہی مضبوط و خوشحال وفاقی پاکستان کی ضمانت ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے جاری کیے گئے پیغام میں کہنا تھا کہ جمہوریت بہترین طرزِ حکمرانی ہے لیکن تاحال دنیا میں اور خصوصاً تیسری دنیا کے ممالک میں جمہوریت کمزور ہے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ تاریخ ہمیں یہی بتاتی ہے کہ آخری فتح عوام کی ہی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام ہمیشہ جمہوریت کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور اس کی خاطر عظیم جدوجہد اور قربانیاں دی ہیں لیکن ابھی تک پاکستان میں جمہوریت اور عوام کے لیے چیلنجز اور مشکلات ختم نہیں ہوئی ہیں۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ایک مضبوط جمہوری نظام اور انصاف پر مبنی معاشرے کی تشکیل کے لیے ابھی طویل سفر باقی ہے۔ پاکستان سمیت پوری دنیا میں دیگر چیلنجز کے علاوہ دہشت گردی اور انتہا پسندی جمہوریت کے لیے خطرہ ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مُٹھی بھر عوام دشمن قوتیں دنیا میں امن اور ترقی نہیں چاہتیں کیونکہ یہ ان کے لیے موت ہے۔