کراچی: برطانوی رائل نیوی کا جہاز تین روزہ خیر سگالی دورے پر کراچی پہنچ گیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ایچ ایم ایس ارگیل کی کراچی بندرگاہ آمد کے موقع پر پاک بحریہ کے سینیئر افسران نے جہاز کا پرتپاک استقبال کیا۔
ترجمان کے مطابق دورے کے دوران دونوں بحری افواج کے مابین جنگی حکمت عملیوں پر مباحثے ہوں گے اور دورے کے اختتام پر پاک بحریہ اور برطانوی بحریہ کے مابین بحیرۂ عرب میں مشقیں منعقد کی جائیں گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ برطانوی بحری جہاز کے اس دورے سے دونوں ممالک اور بحری افواج کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
پاک بحریہ نے اس سے قبل رائل سعودی نیول فورسز کے ساتھ مل کر مشق نسیم البحر XI میں بھی حصہ لیا تھا۔ جس کا مقصد نو ممالک کی بحری افواج کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔