ڈیمز فنڈ مہم، صفائی کرنے والے کا قابل فخر جذبہ


ملتان: چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی ڈیمز فنڈ ریزنگ مہم زور پکڑنے لگی، نجی شاپنگ مال میں صفائی کرنے والے سیموئیل مسیح نے اپنی تنخواہ میں ہر ماہ تین سو روپے ڈیمز کی تعمیر کے لیے عطیہ کرنے کا اعلان کر دیا۔ 

کم تنخواہ کے باوجود فراخ دلی کا مظاہرہ کرنے والے سمیوئیل مسیح کا کہنا تھا کہ جب تک ڈیمز نہیں بن جاتے ہر ماہ اپنی تنخواہ میں سے پیسے دیتا رہوں گا۔ 

سیموئیل کا کہنا ہے کہ جب تک زندہ ہوں ڈیمز کو بنانے کے لیے اپنا حصہ ڈالتا رہوں گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ڈیمزکی تعمیر میں دل کھول کر حصہ ڈالیں کیونکہ یہ موقع بار بار نہیں ملے گا۔ 

چیف جسٹس کی ڈیمز فنڈ کی اپیل میں اس وقت تیزی دیکھنے میں آئی جب وزیر اعظم عمران خان نے عوام سے بالخصوص اوورسیز پاکستانیوں سے ڈیمز کی تعمیر میں حصہ لینے کی درخواست کی۔ 

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی جانب سے ایک ارب 59 لاکھ روپے کا چیک  ڈیمز کی تعمیر کے لیے عطیہ کیا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اپنے محکمے کی طرف سے ڈیمز فنڈ میں سالانہ دس کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا تھا۔ 


متعلقہ خبریں