ترک وزیر خارجہ کی عمران خان کو مبارک باد

ترک وزیر خارجہ کی عمران خان کو مبارک باد

اسلام آباد: ترک وزیرخارجہ میولوت چاوش اولو نے وزیراعظم عمران خان کو انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔

پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ترک وزیرخارجہ نے وزیراعظم ہاؤس میں عمران خان سے ملاقات کی اور پاکستانی قوم کو ترک صدر رجب طیب ایردوان کا نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا جبکہ وزیراعظم کو الیکشن میں کامیابی پر مبارک باد بھی دی۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ ترکی اور پاکستان کے درمیان دیرپا اور مضبوط تعلقات ہیں جبکہ دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملک ہمیشہ ایک دوسرے کی مدد کے لیے تیار رہتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔

اس موقع پر ترک وزیرخارجہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی نئی حکومت کے مستقبل کے منصوبوں کو ترکی کی مکمل معاونت حاصل ہو گی۔

ان کا کہنا تھا کہ انقرہ پاکستان میں ترقی، معاشی استحکام اور پاکستانی قوم کے لیے آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرے گا اور پاکستانی نوجوانوں کو خاص اہمیت دی جائے گی۔

ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت اور پاکستان میں توانائی سمیت مختلف شعبوں میں ترک سرمایہ کاری کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔


متعلقہ خبریں