کراچی: ادارہ برائے امراض جلد سندھ (انسٹیٹیوٹ آف اسکن ڈیزیز سندھ) کے مطابق صوبے بھر میں جلدی امراض میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ادارے کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ سات ماہ کے دوران چار لاکھ 72 ہزار 830 مریضوں کا معائنہ کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس دوران جلدی امراض سے متاثرہ 16 ہزار 165 افراد کے آپریشن بھی کیے گئے لیکن امراض کے پھیلاؤ میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
سات ماہ میں جلدی بیماریوں کی تشخیص کے لیے 23 ہزار 882 افراد نے ٹیسٹ کرائے۔ سات ماہ کے دوران جو کیسز سب سے زیادہ رپورٹ ہوئے ان میں فنگس قابل ذکر رہا کیونکہ سب سے زیادہ مریض اسی کے آئے جن کی تعداد دو لاکھ نو ہزار 740 تھی جبکہ متعدی خارش کا مرض دوسرے نمبر پر رہا۔
رپورٹ کے مطابق خارش سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 880 ریکارڈ کی گئی جبکہ چہرے پر پیدا ہونے والے کیل مہاسوں کے مریض 48 ہزار 790، بیکٹیریل انفیکشن کے 22 ہزار 75 اور ایگزیما کے 25 ہزار 298 مریض سامنے آگئے، اسی طرح گرمی دانوں سمیت دیگر جلدی امراض سے لوگوں کی بڑی تعداد متاثر ہوئی۔