بیرون ملک پاکستانی ڈیمز فنڈ میں پیسے دیں گے ، لارڈ نذیر احمد


ملتان: برطانوی  پارلیمنٹ کے رکن لارڈ نذیر احمد نے کہا ہے کہ سمندر پار پاکستانی ڈیم فنڈ میں پیسے جمع کرانے کے لیے تیار ہیں۔ وزیراعظم دل سے نیا پاکستان بنانا چاہتے ہیں عوام کو بھی ان کا ساتھ دینا چاہیے۔

لارڈ نذیر دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں، اپنے دورے کے دوران وہ وزیراعظم عمران خان، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر شہباز شریف اور چیف جسٹس ثاقب نثار سے ملاقات کریں گے۔

ملتان ائیرپورٹ پر ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے خدشے کا اظہار کیا کہ کل پاکستان تحریک انصاف کے لوگ بھی جیل میں جا سکتے ہیں۔

لارڈ نذیر کا کہنا تھا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی یا پاک فوج کا منصوبہ نہیں بلکہ یہ ایک قومی منصوبہ ہے اور اب عمران خان ہی اسے پورا کریں گے۔

مرحومہ کلثوم نواز کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں کہا کہ کلثوم نواز جب لندن آتی تھیں تو میاں صاحب انہیں پرائیویٹ طیارے میں لاتے تھے، مگر آج ان کی میت کارگو میں لائی گئی ہے۔

لارڈ نذیر نے چیف جسٹس ثاقب نثار کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کے بہت سے کام زبردست ہیں مگر 20،20 سال عدالتوں میں فیصلے نہیں ہوتے جو اچھی روایت نہیں۔

25 جولائی کو ہونے والے انتخابات سے متعلق ان کا کہنا تھا یورپی پارلیمنٹ پاکستان میں ہونے والے حالیہ الیکشن کو صاف شفاف مانتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جب بھی کوئی سیاسی جماعت ہار جائے تو کہتی ہے کہ الیکشن صاف شفاف نہیں ہوئے۔

بیرون ملک پاکستانی ملزمان کے بارے میں لارڈ نذیر کا کہنا تھا برطانیہ کے شہری چوری ڈکیتی قتل کر کے یہاں بیٹھے ہیں جیسے الطاف حسین لندن میں بیٹھے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب نوازشریف نے ’قرض اتارو ملک سنوارو‘ اسکیم نکالی یا جب سیلاب اور زلزلے آئے تب سمندر پار پاکستانیوں نے ہی ان کی مدد کی۔


متعلقہ خبریں