آزاد جموں و کشمیر: 13ویں آئینی ترمیم پر نظرثانی کے لیے کمیٹی تشکیل

آزاد جموں و کشمیر تیرہویں آئینی ترمیم پر نظرثانی کے لیے کمیٹی تشکیل|humnews.pk

مظفرآباد: وزیراعظم عمران خان نے آزاد جموں و کشمیر اسمبلی میں ہونے والی تیرہویں آئینی ترمیم پر نظرثانی کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ 

وزیراعظم سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ وفاقی وزیر قانون و انصاف کمیٹی کے کنوینئر مقرر کیے گئے ہیں، ان کے علاوہ کمیٹی میں چھ اورممبران بھی شامل ہیں۔

کمیٹی آزاد کشمیر کی تیرہویں آئینی ترمیم اور اس کے مضمرات کا جائزہ لے گی اور ایک ماہ میں رپورٹ پیش کرے گی۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں آزاد جموں و کشمیر عبوری آئین ایکٹ 1974 میں  تاریخی 13 ویں  ترمیم کے بعد کشمیر کونسل کے تمام اختیارات آزاد کشمیر حکومت ، قانون ساز اسمبلی اور وزیراعظم پاکستان کو منتقل کر دیے گئے تھے اور کونسل کی حیثیت ایک مشاورتی ادارے کی سی رہ  گئی تھی۔

ماضی میں آزاد جموں و کشمیر ایکٹ 1970 کو تبدیل کر کے اس کی جگہ آزاد جموں و کشمیر عبوری آئین ایکٹ 1974 نافذ کیا گیا تھا، بعد ازاں 1975 اور  1976 میں اس میں مزید ترامیم کر کے بہت سی غیر منصفانہ تبدیلیاں کی گئیں جس نے ریاست میں رائج عبوری آئین ایکٹ کا پارلیمانی ڈھانچہ تبدیل کر کے عوام کی منتخب  کردہ  آزاد حکومت کے اختیارات کم کر دیے تھے۔


متعلقہ خبریں