سی پیک منصوبے پر نظر ثانی نہیں کر رہے، پاکستان


اسلام آباد: پاکستان نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ ہوئے سی پیک معاہدوں پر نظر ثانی کا تاثر درست نہیں ہے، اس حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات کو مکمل طور پر مسترد کر چکے ہیں، پاکستان معاہدوں پر نظر ثانی نہیں کر رہا ہے۔

گزشتہ دنوں برطانوی اخبار نے اپنی رپورٹ میں دعوی کیا تھا کہ پاکستان چین سے کیے گئے معاہدوں پر نظر ثانی کر رہا ہے۔ اس رپورٹ کے سامنے آنے کے ایک روز بعد وزیراعظم کے مشیرتجارت کا بیان سامنے آیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کے انٹرویو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر رپورٹ کیا گیا ہے۔

جمعرات کے روز دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے حوالے سے کافی کام ہو رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر اور لائن آف کنٹرول کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی پر قائم مقام بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی بربریت کی شدید مذمت کرتے ہیں جب کہ دس ستمبر کو خنجراب سیکٹر پر بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی جس کے نتیجے میں جھومر گاؤں کا نوجوان گفتار حسین شہید ہو گیا تاہم ہم نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرا دیا ہے۔ 

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ رواں سال بھارت کی جانب سے دو ہزار 50 سے زائد بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی جس میں 31 معصوم شہری شہید ہوئے۔

اعدادوشمار کا ذکر کرتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس بھی لائن آف کنٹرول ( ایل او سی) کی ایک ہزار نو سو 70 بار خلاف ورزی کی گئی تھی۔

ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں۔ گزشتہ ایک ہفتہ میں مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھارتی قابض افواج نے 14 مزید کشمیریوں کو شہید کر دیا۔ جن علاقوں میں شہریوں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا ان میں پلوامہ، بانڈی پور، کپواڑہ اور اننت ناگ اسلام آباد شامل ہیں جب کہ سینکڑوں حریت رہنماؤں اور کارکنان کو بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں رکھا گیا ہے۔

پاکستان نے امریکہ بھارت اعلامیہ میں پاکستان پر لگائے الزامات مسترد کر دیے

دفتر خارجہ کے ترجمان نے امریکہ بھارت مشترکہ اعلامیہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پر لگائے گئے تمام الزامات غلط ہیں۔ پاکستان کی جانب سے بات چیت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام معاملات کا حل گفت و شنید سے ہی چاہتے ہیں۔

امریکی وزیرخارجہ کے دورہ کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مائیک پومپیو کی پاکستان آمد کے دوران مختلف معاملات پر تبادلہ خیال ہوا تھا۔

وزیراعظم، وزیرخارجہ کے بیرون ملک دورے

وزیراعظم کے بیرونی دورہ کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان جلد سعودی عرب جائیں گے۔ وزیراعظم کے دورہ کی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اپنا پہلا بیرون ملک دورہ افغانستان کا کریں گے جس کی تفصیلات سے جلد آگاہ کر دیا جائے گا جب کہ چین، ایران اور جاپان کے وزرائے خارجہ نے پاکستان کا کامیاب دورہ کیا ہے۔

پاک افغان رابطوں کا ذکر کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ تین ستمبر کو افغان وزیر خارجہ صلاح الدین ربانی نے وزیر خارجہ کو ٹیلی فون کیا تھا۔ 

بیگم کلثوم نواز کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کو میت واپس لانے میں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔


متعلقہ خبریں