کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر بیکرز فیلڈ میں مسلح شخص نے فائرنگ کر کے پانچ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ مشتبہ شخص نے خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کر لی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مسلح شخص نے پہلے اپنی اہلیہ کو فائرنگ کر کے قتل کیا اور پھر ارد گرد موجود لوگوں پر بھی فائرنگ کر دی۔ جس کے نتیجے میں مزید چار افراد ہلاک ہو گئے۔
ملزم نے فائرنگ کے بعد فوراً ہی موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی اور ایک خاتون جو بچے کے ہمراہ تھی اُس سے کار چھین کر فرار ہو گیا تاہم سامنے سے آتی پولیس کو دیکھ کر ملزم نے خود کو بھی گولی مار کر خود کشی کر لی۔
دہشت گردی کا واقعہ مقامی وقت کے مطابق شام پانچ بجکر 20 منٹ پر پیش آیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ گھریلو جھگڑے کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے کیونکہ ہلاک ہونے والوں میں ملزم کی بیوی بھی شامل ہے تاہم واقعہ کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔