کلثوم نواز کے انتقال پر آزاد کشمیر میں تین روزہ سوگ کا اعلان

کلثوم نواز کے انتقال پر آزاد کشمیر میں تین روزہ سوگ کا اعلان

مظفرآباد: بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر آزاد کشمیر حکومت نے تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔

اس بات کا فیصلہ محترمہ کلثوم نواز کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے آزاد جموں وکشمیر کابینہ کے خصوصی اجلاس میں کیا گیا، اجلاس کی صدارت وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سابق خاتون اول بیگم  کلثوم نواز کی وفات پر سرکاری سطح پر تین روزہ سوگ منایا جائے گا جبکہ اس موقع پر محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام مساجد میں خصوصی قرآن خوانی اور دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔

اجلاس کے بعد جاری کیے گئے اعلامیہ کے مطابق کابینہ نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ ایک بہادر خاتون اور جرات و استقلال کا پیکر تھیں۔ انہوں نے ہمیشہ جبر و آمریت کے ادوار کا پامردی اور استقامت کے ساتھ مقابلہ کیا۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ غم کی اس گھڑی میں کشمیری قوم نواز شریف کے ساتھ ہے۔

کابینہ اجلاس میں مرحومہ کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی جبکہ اجلاس میں وزراء، حکومت اور سیکرٹری صاحبان نے شرکت کی۔


متعلقہ خبریں