انٹرمیڈیٹ نتائج: سرگودھا، لاہور بورڈز میں طالبات کی سبقت


لاہور: سرگودھا،  بہاولپور اور لاہور کے تعلیمی بورڈز نے انٹر میڈیٹ امتحانات کے سالانہ نتائج کا اعلان کردیا ہے جس کے مطابق سرگودھا اور لاہور بورڈز میں طالبات نے سبقت حاصل کی ہے۔

لاہور بورڈ کے نتائج کے مطابق کشف ثنااللہ نے 1100 میں سے1062 نمبرحاصل کر کے پہلی پوزیشن حاصل کی، سجل طارق نے 1058 نمبروں کےساتھ دوسری اور کشف علی 1053 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن پر رہیں۔

لاہور ثانوی تعلیمی بورڈ کے نتائج میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی تینوں طالبات کا تعلق ایف ایس سی میڈیکل گروپ سے ہے۔

پری میڈیکل بوائز میں حسنین مشتاق نے 1045 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی جب کہ جنرل سائنس میں محمد ثاقب رانا 1029 نمبرحاصل کرکے پہلے نمبر پر رہے۔

تعلیمی بورڈ سرگودھا کے نتائج پر بھی طالبات  چھائی رہیں، سرگودھا کی ماریہ نے 1047 نمبر لیکر پہلی پوزیشن حاصل کی، حمائل ملک نے 1044 نمبر لے کر دوسری اور فوزیہ گل نے 1043 نمبر لیکر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

 پری میڈیکل بوائز میں انٹر کالج خوشاب کے عبدالرمضان عزیز نے1035 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی، پری میڈیکل امتحان میں آئی ایل ایم کالج کی ماریہ نے 1047 نمبر لے کر سرفہرست رہیں۔ 

سرگودھا کے انٹرمیڈیٹ امتحان میں 45 ہزار 149 طلباء وطالبات نے شرکت کی جن میں سے 27 ہزار 849 نے کامیابی حاصل کی، امتحانات میں کامیابی کا تناسب 61 فیصد رہا۔ 

بہاولپور تعلیمی بورڈ کے سالانہ امتحانات کے نتائج کے مطابق، بہاولنگر کے حافظ عبدالصبور1048 نمبر لے کر پہلی، بسمہ قریشی اور تالیہ حامد نے 1043 نمبر لے کر دوسری پوزیشن حاصل کی، مریم چوہدری 1042 نمبر لے کر تیسری پوزیشن پر رہیں۔

تینوں امتحانی بورڈز کی جانب سے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں