پاکستان ٹیسٹ سیریز کے لیے آسٹریلوی ٹیم کا اعلان

پاکستان ٹیسٹ سیریز کے لیے آسٹریلوی ٹیم کا اعلان


میلبورن: آسٹریلین کرکٹ بورڈ نے آئندہ ماہ  پاکستان کے خلاف ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے لیے 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز اکتوبر کے پہلے ہفتے سے ہوگا، 15 رکنی اسکواڈ میں  جارح مزاج بلے باز گلین میکس ویل اکتوبر میں ہونے والی دو میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ 

دائیں ہاتھ کے بلے باز کی عدم شمولیت پر سابق کپتان رکی پونٹنگ اور دیگر سینئر کھلاڑیوں نے سیلیکٹرز کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ پونٹنگ کا کہنا تھا کہ میکس ویل شاید اتنا اچھا آل راونڈر نہ ہو لیکن بحیثیت بلے باز ٹیم میں ان کی جگہ بنتی ہے اور متحدہ عرب امارات کے خشک موسم میں وہ ٹیم کے کام آسکتے ہیں۔

ڈراپ ہونے کے باوجود سینئر بلے باز کی زبان پر حرف شکوہ نہیں تھا، انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں  پہلی بار ٹیسٹ ٹیم میں سلیکٹ ہونے والے T20 کپتان ایرون فنچ کو مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

گلین میکس ویل کے علاوہ آسٹریلوی سیلیکٹرز نے پیٹر ہینڈس کومب کو بھی ٹیم سے باہر رکھا ہے، ہینڈس کومب نے 2017 کی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کے خلاف سینچری اسکور کی تھی۔ 

وکٹ کیپر بلے باز ٹم پین آسٹریلوی ٹیم کی قیادت کریں گے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں ایرون فنچ، عثمان خواجہ، ٹریوس ہیڈ، پیٹر سیڈل، جان ہولاند، ایشٹن اگر، نیتھن لیون، مچل اسٹارک، مچل مارش، شان مارش، مچل نیسر، میٹ رینشو، مارنس لیبس ہینگ اور برینڈن ڈوگٹ شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں