کراچی: سندھ کے مشیر اطلاعات، قانون اور اینٹی کرپشن بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ سانحہ بلدیہ اور 12 مئی کا واقعہ پورے معاشرے کے خلاف انسانیت سوز اقدام تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ دن ہیں کہ جب انسانیت مرگئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ بلدیہ اور 12 مئی کے مقدمات عدالت میں زیرسماعت ہیں اور سندھ حکومت دونوں میں بھرپور معاونت فراہم کررہی ہے ۔
صوبائی مشیر اطلاعات نے کہا کہ عدالت 12 مئی اورسانحہ بلدیہ پہ جو بھی فیصلہ دے گی اس پر پوری طرح عمل کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ متاثرین کو جلد از جلد انصاف فراہم حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے۔
صوبائی مشیراطلاعات بیرسٹرمرتضیٰ وہاب نے دعویٰ کیا کہ دونوں سانحات کے پیچھے آمریت کے پروردہ لوگوں کے ہاتھ ہیں اور سب کچھ جمہوریت کے دشمنوں نے کیا ہے۔
بیرسـٹرمرتضی وہاب نے کہا کہ مئی اور سانحہ بلدیہ میں ملوث لوگ خلق خدا کی زبان بند کرنا چاہتے تھے لیکن ایسا نہیں ہوگا اور ان سانحات میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچانے والے ہر شخص کو سلام پیش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن آتے ہی شہر کی روشنیاں لوٹ آئی ہیں اور اب ہمیشہ قائم رہیں گی۔