محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا


کراچی: مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا جس میں اعلان کیا گیا ہے کہ محرم الحرام کا چند نظر نہیں آیا جس کے بعد یوم عاشور 21 ستمبر کو بروز جمعہ ہو گا۔

اجلاس کی صدارت مفتی منیب الرحمان نے کی، اجلاس میں محکمہ موسمکات اور زونل رویت ہلال کمیٹی کے ارکان نے بھی شرکت کی۔

مفتی منیب الرحمان نے اجلاس کے بعد چاند نظر نہ آنے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پورے پنجاب کے علاوہ بلوچستان سے بھی محرم الحرام کے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ  لاہور، کوئٹہ ،اسلام آباد اور پشاور میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوئے لیکن وہاں بھی چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں مطلع ابر آلود تھا، جس کی وجہ سے چاند کو دیکھنا مشکل تھا۔

نئے اسلامی سال 1440 ہجری کا آغاز  12 ستمبر کو ہو گا۔

اس سے قبل محکمہ موسمیات نے بھی یکم محرم الحرام 12 ستمبر بروز بدھ اور 10 محرم یوم عاشور 21 ستمبر بروز جمعہ کو ہونے کی پیش گوئی کی تھی۔

 

 


متعلقہ خبریں