آگے کی سوچ کے سنگ: ندیم ملک اور ہم نیوز ایک ساتھ


اسلام آباد: پاکستان کے معروف ٹیلی ویژن میزبان ندیم ملک ہم نیوز کا حصہ بن گئے ہیں جس کے بعد وہ حالات حاضرہ سے متعلق پروگرام ’ندیم ملک لائیو‘ کا جلد آغاز کریں گے۔

پیر کے روز ہم نیوز کے مارننگ شو ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ندیم ملک نے ہم نیوز کا حصہ بننے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے جو کچھ پایا ہے صحافت سے ہی پایا ہے،  والد چاہتے تھے کہ ان کا کاروبار سنبھالوں لیکن صحافت میں میری دلچسپی دیکھ کر اسی شعبے میں آگے بڑھنے کا مشورہ دیا۔

ندیم ملک کا کہنا تھا کہ صحافی کے اندر تجسس جب تک قائم رہتا ہے تب تک وہ اپنے کام سے لطف اندوز ہوتا ہے۔ میں نے زندگی میں جتنے انٹرویوز کیے ہیں ان سے بہت لطف اندوز ہوا ہوں، پہلے جب لائیو انٹرویوز کیے تو اتنی سہولیات نہیں تھیں، تب انٹرویوز کرنا ایک بڑا کام لگتا تھا۔

’صبح سے آگے‘ کی میزبانوں عنبر شمسی اور شفا یوسف زئی سے گفتگو کرتے ہوئے ندیم ملک کا کہنا تھا کہ انٹرویوز میں کچھ لوگ آسانی سے ہاتھ نہیں آتے، نواز شریف بھی ان میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں سیاسی شخصیات کو میڈیا کی خود تک رسائی آسان بنانی چاہیے یہ ان کے لیے مفید ہے۔ 

ندیم ملک نے کہا کہ نواز شریف صرف کچھ مشیروں اور وزیروں سے رابطے میں رہتے تھے اور مخصوص صحافیوں کو انٹرویو دیتے تھے لیکن جب ان پر مشکل وقت آیا تو ان کے ساتھ کوئی بھی نہیں کھڑا تھا۔

پاکستان کے نامور ٹیلی ویژن میزبانوں میں سے ایک نے اپنے تجربات بتاتے ہوئے کہا کہ موجودہ وزیراعظم عمران خان تک رسائی بہت آسان ہے۔ عمران خان انٹرویوز کے معاملے میں بہت اوپن ہیں، آپ جو مرضی پوچھ لیں وہ جواب دیں گے اور کبھی پہلے سے سوالنامہ نہیں مانگیں گے۔

نئی حکومت سے متعلق بات کرتے ہوئے ٹیلی ویژن میزبان کا کہنا تھا کہ اگر عمران خان وزارت عظمیٰ کی کرسی پر بیٹھ کر کام نہیں کریں گے تو ان کے پیروکار پیچھے ہٹ جائیں گے۔ ندیم ملک نے تجویز دی کہ کارکردگی دکھانے کے لیے عمران خان کو 100 دن کے بجائے چھ مہینے دیے جانے چاہئیں۔ 

ندیم ملک پاکستانی ٹیلی ویژن صنعت کا معتبر نام تسلیم کیے جاتے ہیں۔ باوقار اور سنجیدہ انداز کے ساتھ دھیمے لیکن دوٹوک انداز میں چبھتے ہوئے سوال کرنے والے ندیم ملک کا پروگرام ’ندیم ملک لائیو‘ جلد ہم نیوز سے نشر کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں