پی ٹی آئی بھی موروثی سیاست کاشکار ہوجا ئے گی؟

پی ٹی آئی میں بھی موروثی سیاست جنم لینے لگی


کراچی: حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) نے اپنی تمام انتخابی مہم موروثی سیاست کےخلاف چلائی ہے اور اس نعرے پر لبیک کہتے ہوئےعوام نے انہں اقتدار کے ایوانوں تک پہنچایا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق حکومت میں آنے کے صرف ایک ماہ بعد ہی  پی ٹی آئی میں بھی موروثی سیاست جنم لینے لگی ہے۔

اطلاعات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضمنی انتخابات میں پرویز خٹک اور اسد قیصر نے پہلے اپنے رشتے داروں کو نوازنے کی کوشش کی تو اب سندھ کے گورنرعمران اسماعیل بھی مبینہ طور پر اسی ڈگر پر گامزن ہیں۔

ہم نیوز کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق کراچی سے اپنی خالی کردہ نشست پرگورنر سندھ عمران اسماعیل اپنے بھائی کو پی ٹی آئی کا ٹکٹ دلوانے کے لیے سرگرم ہیں۔ 

ذمہ دار ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ عدنان اسماعیل کے علاوہ اس حلقے سے  پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی آفتاب جہانگیر کے بھائی محمد احمد بھی اسی دوڑ میں شامل ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کے وہ کارکنان جو عرصے سے پارٹی سے وابستہ ہیں وہ اس انتظار میں ہیں کہ پارٹی قیادت کیا فیصلہ کرتی ہے؟ اورکیا انھیں بھی رکن اسمبلی بننا نصیب ہوگا؟

ان سوالات کے جوابات سے ہی معلوم ہوگا کہ پی ٹی آئی بھی موروثی سیاست کا شکار ہوگئی ہے اوریا یہ کہ خود کو محفوظ رکھنے میں کامیاب رہی ہے۔


متعلقہ خبریں