لینڈ مافیا کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، شہریار آفریدی

شہریار آفریدی

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ ملک میں کوئی قانون سے بالا تر نہیں ہے، لینڈ مافیا کے خلاف بھر پور کارروائیاں جاری رہیں گی۔ 

وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی کشمیر ہائی وے کے اطراف کیپٹیل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی جانب سے جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن کا جائزہ لینے پہنچے۔ 

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کرنے پر پولیس، سی ڈی اے اور فورسز کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ تجاوزات کے خلاف آپریشن مثالی ثابت ہوگا۔ 

انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران ذاتی رنجش میں کسی کو نقصان نہیں پہنچایا جائے گا، تاہم یہ ایک مافیا ہے جو مل کر کام کرتا ہے جب کہ اداروں کے اندر موجود کالی بھیڑوں پر بھی نظر رکھی جائے گی۔ 

شہریار آفریدی نے کہا کہ عام لوگوں اور ملازمین پر نہیں بلکہ اصل مالکان پر بھی ہاتھ ڈالا جائے گا۔ ہم ملک کی تمام اکائیوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ 

وفاقی دارالحکومت میں کشمیر ہائی وے کے اطراف تجاوزات کے خلاف سی ڈی اے کا آپریشن اتوار کو دوسرے روز بھی جاری ہے۔ آپریشن کے دوران غیر قانونی طور پر قائم شادی ہالز، ہاسٹلز، پیٹرول پمپ اور مارکیٹ کو بھی مسمار کیا جا رہا ہے۔

انسداد تجاوزات آپریشن میں سی ڈی اے، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد شریک ہیں۔


متعلقہ خبریں