پی ایس ایل فرنچائزرز کے تحفظات دور کرنے کی کوشش


لاہور:  چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے مستقبل کے حوالے سے ٹیموں کے فرنچائزرز کے تحفظات دورکرنے کےلیے 15 ستمبر کو پی ایس ایل کونسل کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی میں کماںڈ کی تبدیلی کے بعد پی ایس ایل کے مستقبل کے حوالے سے ٹیموں کے فرنچائزرز تحفظات کا شکارہیں۔

سابق چیئر مین نجم سیٹھی کا پاکستان سپر لیگ کو پروان چڑھانے میں کلیدی کرداررہاہے اورپاکستان سپر لیگ کو اس مقام پرپہنچانے میں نجم سیٹھی اور ان کی ٹیم کا بڑا ہاتھ ہے، یہی وجہ ہے کہ ان کے جانے کے بعد پی ایس ایل ٹیموں کے فرنچائزرز لیگ کے حوالے سے تحفظات کا شکار ہیں۔ انہیں پی ایس ایل کے براڈ کاسٹنگ رائٹس کی فکر لاحق ہے کیونکہ آمدنی کا ذیادہ تر انحصار اسی پر ہوگا جس کے لیے متوقع رقم 75 ملین ڈالر سامنے آئی تھی۔

معاہدے سے قبل پلیئر ز ڈرافٹ ہونے کی صورت میں متوقع رقم ملنے کا امکان کم ہوگا کیونکہ براڈ کاسٹرز کی دلچسپی اسی میں ہوتی ہے کہ لیگ میں کتنے بڑے کھلاڑی آرہے ہیں۔

پی سی بی براڈ کاسٹنگ آمدنی کا 85 فیصد فرنچائزز کو دیتا ہے جس میں سے پروڈکشن کی رقم نکال لی جاتی ہے۔ بورڈ کو ٹائٹل اسپانسر شپ کا بھی معاہدہ کرنا ہے جس کے لیے نئے چیئرمین کو کوششیں کرنا ہوں گی۔

فرنچائزرز اس سے لا علم ہیں کہ احسان مانی کے آنے کے بعد پی ایس ایل کی مینجمنٹ تبدیل ہوگی یا برقرار رہے گی۔ چیئر مین پی سی بی کا اب تک کسی فرنچائزر سے باقاعدہ رابطہ بھی نہیں ہوا ہے۔

15 ستمبر کو پی ایس ایل گورننگ کونسل کے ہونے والے اجلاس کی صدارت ممکنہ طور پراحسان مانی کریں گے جس میں وہ فرنچائز مالکان کے تحفظات کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔


متعلقہ خبریں