لاہور: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اپنے محکمے کی طرف سے ڈیمز فنڈ میں سالانہ دس کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 100 روپے کے ٹکٹ پر ایک اور اس سے اوپر کی ٹکٹ پردو روپے بڑھائے جائیں گے جو ڈیم کے لیے مختص ہوں گے۔
وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ وزیراعظم عمران خان 14 ستمبرکو دوٹرینوں کا افتتاح کریں گے، مزدوروں کے لیے سستی ٹرین چلائی جائے گی۔
شادی کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ ان کی ریلوے سے شادی ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپشن کے خلاف کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
جمعہ کے روز وزیراعظم عمران خان نے پاکستان میں پانی کی کمی دور کرنے کے لیے ڈیم فنڈ کا اعلان کیا تھا، انہوں نے بیرون ملک پاکستانیوں سے بھی اس سلسلے میں مدد کی درخواست کی تھی۔
اس سے قبل چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ڈیمز کی تعمیر کے لیے فنڈ کا آغاز کیا تھا، عمران خان نے کہا کہ یہ دونوں فنڈز اب اکٹھے کر دیے جائیں گے۔