اسلام آباد: سعودی عرب کے وزیر برائے ثقافت و اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات تاریخی اور منفرد نوعیت کے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی سے سعودی وزیر اطلاعات کی ملاقات
ڈاکٹرعواد بن صالح العواد نے ہفتہ کے روز اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر بھی موجود تھے۔
ملاقات میں دونوں برادر اسلامی ممالک کے مابین تعلقات کو فروغ دینے اوراہم علاقائی وعالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ پاکستان اورسعودی عرب کے مابین اقتصادی اور پارلیمانی تعلقات کوفروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
اس موقع پر سعودی وزیر نے اسپیکر کو مختلف شعبوں میں اپنی حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کے درمیان اراکین پارلیمنٹ اور حکومتی سطح پر رابطوں میں اضافے سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔
سعودی وزیراطلاعات نے کہا کہ سعودی عرب مشکل کی ہر گھڑی میں اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے اسپیکر کو سعودی عرب میں قید پاکستانی اور سعودی عرب میں خدمات سر انجام دینے والے پاکستانیوں کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔
اس موقع پر گفتکو کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا پاکستان اورسعودی عرب کے مابین بہت اچھے تعلقات ہیں اور دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔
اسد قیصرنے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے ہمیشہ علاقائی اورعالمی معاملات پرایک دوسرے کے مؤقف کی حمایت کی ہے، دونوں ممالک مشترکہ عقیدہ، ثقافت، تاریخ اور ورثے کے امین ہیں، پاکستان کی پارلیمان دونوں ممالک کے مابین برادانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرُ عزم ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین پائے جانے والے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے جواخوت اوربھائی چارے کی مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔