نو، دس محرم الحرام کو موبائل فون سروس بند رکھنے کی سفارش


اسلام آباد: محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر نو اور دس محرم کو ملک بھر میں موبائل فون سروس بند رکھنے کی سفارش کر دی گئی، صوبوں نے موبائل فون کی بندش سے متعلق وفاق کو خطوط لکھ  دیے ہیں۔ 

ہم نیوز کے مطابق وزارت داخلہ نے موبائل فون سروس بند رکھنے سے متعلق وزیر اعظم آفس کو آگاہ کردیا، سروس بند کرنے کا حتمی فیصلہ وزیر اعظم کی منظوری کے بعد ہوگا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں جزوی موبائل فون سروس معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم حساس اور مرکزی جلوس کے راستوں پر ہی موبائل سروس بند ہوگی۔

شہراقتدار میں دو روز کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کی تجویز بھی زیر غور ہے، جس کا حتمی فیصلہ سامنے آنا باقی ہے۔ 

اس سے پہلے سندھ حکومت نے محرم الحرام کے دوران کراچی سمیت سندھ بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی، آٹھ  سے دس محرم تک شیڈول کی گئی اس پابندی کے سلسلے میں محکمہ داخلہ سندھ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

دوسری جانب  سی سی پی او لاہور بی اے ناصر نے شہر سمیت پنجاب بھر میں فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات کی یقین دہانی کراتے ہوئے تمام پولیس افسران کو ہدایت کی کہ سیکیورٹی امور کو حتمی شکل دینے کے لیے مجالس کے منتظمین اورعلمائے کرام سے رابطے میں رہیں۔


متعلقہ خبریں