لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے یوم دفاع و شہدا پر اوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی سالمیت اور دفاع کے لیے ہم سب ایک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جنگ ستمبر پاکستانی قوم کے اتحاد، وطن کی محبت، نظریہ پر یقین اور اپنی آزادی وخودمختاری کے لیے کسی بھی قربانی سے گریز نہ کرنے کا اعلان ہے۔ ہمارے شہداء اور غازیوں کا پاک لہو دفاع پاکستان کے عظیم مقصد میں شامل ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم اپنے جذبہ شہادت کی بدولت دنیا میں ممتاز ہے اور رہے گی کیونکہ یہ وہ قوم ہے جو اپنے ملکی دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتی۔
انہوں نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ پاکستان قیامت تک قائم رہے گا اور دشمن کی ہر سازش کو ناکامی کا سامنا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کے دن کو بھرپور انداز سے منانے کا مقصد دشمن کو یہ پیغام دینا ہے کہ اس ملک کی طرف کوئی میلی نگاہ سے دیکھنا تو دور سوچ بھی نہیں سکتا۔