جیل میں نواز، مریم سے اہل خانہ، رہنماؤں کی ملاقاتیں


راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف اوران کی صاحبزادی مریم نواز سے اہل خانہ، پارٹی رہنماؤں، اور سینئیر صحافیوں نے ملاقاتیں کی ہیں۔ 

قیدیوں سے ملاقات کرنے والوں میں میاں شہباز شریف و اہل خانہ، عباس شریف و اہل خانہ، کزن حارث بٹ اور ان کی فیملی اور کزن بلال منظور اور ان کی فیملی کے ارکان شامل ہیں۔

 سینیئر لیگی رہنماں راجہ ظفرالحق، عابد شیر علی، ظفر اقبال جھگڑا، مریم اورنگزیب، طلال چوہدری، سائرہ افضل تاڑ اور دوسروں  نے بھی پارٹی قائد سے جیل میں ملاقات کی۔

ن لیگی رہنما پروپز رشید، حنا پروپز بٹ، رانا تنویر، سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی، ٹیلی ویژن میزبان اجمل جامی، چوہدری تنویر، نجمہ حمید، خواجہ آصف، ایم ایم اے کے رہنما شاہ اویس نورانی اور صحافی جاوید چوہدری نے نواز شریف سے ملاقات کی۔

ن لیگ کے ناراض رہنما چوھدری نثار کے قریبی ساتھی سابق ایم پی اے عمر فاروق بھی نوازشریف سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے۔ عمر فاروق نے حالیہ انتخابات میں شیر کا نشان چھوڑ کر جیپ کے نشان پر الیکشن لڑا تھا۔ 

اڈیالہ جیل کے باہر جب عمر فاروق سے صحافیوں نے پوچھا کہ کیا وہ چوہدری نثار کا کوئی پیغام لے کر جیل آئے ہیں، تو انہوں نے میں ملاقات کے بعد ہی بتاوں گا۔

ملاقاتیں شروع ہونے سے قبل اڈیالہ جیل کے باہر مسلم لیگی کارکنان  جمع ہوئے اور نواز شریف کے حق میں مظاہرہ کیا، اس دوران کارکنان نواز شریف کے حق میں نعرے بازی کرتے رہے۔

مسلم لیگ کے رہنما پرویز رشید نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ صدارتی انتحاب میں نون لیگ کے ووٹ پورے تھے، سارے ووٹ ہمارے امیدوار کو پڑے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ کے امیدواروں کو ان کے سارے ووٹ پڑے۔ امریکی وزیر خارجہ کے دورہ کے حوالے سے سوال کا جواب دیتے ہوئے پرویز رشید نے کہا کہ مائیک پومپیو کے دورے اور ڈو مور پالیسی پر وہ اخبارات کا مطالعہ کر کے ہی جواب دیں گے۔

دوسری جانب اسلام آباد کی احتساب عدالت میں میاں نواز شریف کے خلاف العزیزیہ ریفرنس کی سماعت جاری رہی۔ بدھ کے روز احتساب عدالت کے جج نے نواز شریف کی درخواست پر انہیں آج کی سماعت سے استثنی دے دیا تھا۔ 

سابق وزیراعظم نے اپنی درخواست میں عدالت سے استدعا کی تھی کہ انہیں عدالت میں ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ دیا جائے کیوں کہ جمعرات قیدیوں سے ملاقات کا دن ہے اوران کی اہل خانہ سے ملاقاتیں طے ہیں۔


متعلقہ خبریں