قوم پاک فوج کی قربانیوں پر ان کی شکر گزار ہے، اسد قیصر


اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم 1965 کی جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں پر ان کی شکر گزار ہے۔

انہوں نے1965 کی جنگ کے شہداء کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے ملک کی سرحدوں کی حفاظت اور مادرِ وطن کے وقار کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی چھ ستمبر پورے ملک میں قومی جوش و جذبے سے منایا جائے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد مسلح افواج کے ان ہیروز کو خراج تحسین اور نذرانہ عقیدت پیش کرنا ہے کیونکہ پاک فوج نے اپنی لازوال قربانیوں سےملکی دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔

اسد قیصر نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی مسلح افواج کی جدید صلاحیتوں پر ناز ہے۔ پاک فوج اپنے وطن کے خلاف کسی بھی جارحیت کا منہ توڑجواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک افواج نے دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف جنگ میں قابل قدر کامیابیاں حاصل کیں اور  قوم کے دل جیت لیے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام پاکستانی  دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی محمد قاسم خان سوری نے بھی ملک کے تحفظ کے لیے مسلح افواج کی اعلیٰ خدمات اور قربانیوں کو سراہا اور کہا کہ چھ ستمبر 1965 کو قوم اور پاکستانی فوج نے جذبے، اتحاد اور ذمہ داری کا مظاہرہ کیا تھا۔

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ مل کر ہی قوم کو ترقی و استحکام کی نئی بلندیوں تک لے جایا جاسکتا ہے۔


متعلقہ خبریں