بہاولپور: وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق ملک بھر میں شجرکاری مہم جاری ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے اساتذہ اور طلبا وطالبات نے بھی انتہائی جوش وخروش سے درخت لگانے کا آغاز کر دیا ہے۔
شجرکاری مہم کا آغاز یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر قیصر مشتاق نے بغداد الجدید کیمپس میں پودا لگا کر کیا۔ افتتاحی تقریب میں فیکلٹی ممبران سمیت یونیورسٹی طلبا وطالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے طلبہ وطالبات میں پودے تقسیم کیے۔
بعدازاں طلبا وطالبات نے فیکلٹی آف ایجوکیشن، ایگریکلچر فارم، کرکٹ اسٹیڈیم اور کیمپس کے دیگر مقامات پر گروپوں کی شکل میں شجرکاری کی۔
چولستان کے دامن میں واقع اس یونیورسٹی میں بھی حکومت پاکستان کی ’دس بلین سونامی پلانٹ فار پاکستان‘ مہم کے تحت 50 ہزار درخت لگائے جا رہے ہیں۔
’ہم نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے یونیورسٹی کے پروفیسر آغا صدف مہدی نے بتایا کہ شجرکاری سے تمام کیمپس کو سرسبز وشاداب اور صحت افزاء بنایا جائے گا جس سے تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں کے لیے بھی سازگار ماحول میسر آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم میں ایسے درخت لگائے جائیں گے جو مقامی ماحول سے مطابقت رکھتے ہوں جب کہ کم پانی اور زیادہ درجہ حرارت میں نشوونما پا سکیں اور پھلدار ہوں اور لکڑی بھی حاصل ہو سکے۔
یونیورسٹی کے شعبہ جات اسٹیٹ کیئر، فارم مینجمنٹ اور فارسٹری کے تحت بہاول پور میں واقع کیمپسز میں 30 ہزار جب کہ بہاولنگر اور رحیم یار خان کیمپس میں 20 ہزار پودے لگائے جائیں گے۔
اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں گزشتہ تین برسوں میں 42 ہزار سے زائد درخت لگائے گئے اس کے علاوہ انار، فالسے، جامن اور آم کے باغات بھی لگائے جاچکے ہیں جب کہ یونیورسٹی نے 182 ایکڑ بنجر اور غیر آباد زمین کو قابل کاشت بنایا ہے۔