کولکتہ: بھارتی شہر کولکتہ میں پل گرنے سے ایک شخص ہلاک جبکہ 19 افراد زخمی ہو گئے ہیں، بہت سے افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
حادثے کے فورا بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، پھنسے ہوئے افراد کو نکالنے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں جبکہ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔
زخمیوں میں کچھ افراد کی تعداد نازک بتائی جا رہی ہے، بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اموات کی تعداد بڑھنے کا خدشہ ہے۔
بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی نے پل گرنے کے واقعے کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔
The collapse of a part of a bridge in Kolkata is deeply unfortunate. My thoughts are with the families of the victims. I pray that those who are injured recover at the earliest.
— Narendra Modi (@narendramodi) September 4, 2018
بھارتی میڈیا کے مطابق مغربی بنگال میں مجیرہٹ برج گرنے سے پل کے اوپر اور نیچے سفر کرنے والے متعدد افراد ملبے تلے دب گئے۔
کولکتہ شہر کے میئر سوون چترجی نے خبر رساں ایجنسی رائیٹرز سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت ملبے تلے دبے افراد کو تیزی سے نکالنے کی کوشش کر رہی ہے۔
بنگال کی وزیراعلی ممتا بینرجی نے ٹی وی پر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس حادثے کی سنگینی کا جائزہ لے رہی ہیں، فی الحال اموات پر بات نہیں کر سکتیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سینکڑوں افراد اپنے رشتہ داروں اور ملبے تلے لوگوں کی مدد کے لیے حادثے کی جگہ پر جمع ہیں جبکہ پل کے گرنے سے شہر کے مغربی حصے میں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔