پاکستان اسکواش فیڈریشن کا انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کرانے کا اعلان

چیف آف ائیر انٹرنیشنل اسکواش ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان


اسلام آباد: پاکستان اسکواش فیڈریشن نے چیف آف ائیر انٹرنیشنل اسکواش اور پاکستان انٹرنیشنل وومین اسکواش ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ دونوں ٹورنامنٹ 10 ستمبر سے 28 ستمبر تک اسلام آباد کے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے جائیں گے۔

یہ اعلان پیر کے روز ڈائرکٹر اسکواش فیڈریشن آفتاب قریشی نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران کیا، اسکواش لیجنڈ قمر زمان بھی ان کے ہمراہ تھے۔

آفتاب قریشی نے بتایا کہ ٹورنامنٹ میں مصر، ہانگ کانگ، ملائیشیا، آسٹریا اور آئرلینڈ سمیت پاکستان کے مرد اور خواتین کھلاڑی حصہ لیں گے۔ جیتنے والے کھلاڑی کو انعام کی مد میں 30 ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ ملک میں اسکواش کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں اور پاکستان میں اسکواش کا سنہرا دور واپس لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئرفورس اس کام کو ایک قومی فریضہ جان کر سرانجام دے رہی ہے، پی اے ایف کے ساتھ مل کر پاکستان اسکواش میں دنیا پر ایک بار پھر راج کرے گا۔

ڈائرکٹر اسکواش فیڈریشن نے بتایا کہ اس سال ورلڈ اسکواش فیڈریشن سے پاکستان میں 19 ٹورنامنٹ کرانے کا کوٹا لیا گیا ہے، وہ پر امید ہیں کہ تمام ٹورنامنٹ  احسن انداز میں منعقد کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کی رینکنگ بہت کم ہے اور اسکواش کی بہتری کے لیے انٹرنیشنل کھلاڑیوں سے کھیلنا ضروری ہے۔

ایشین گیمز میں قومی دستے کی مایوس کن کارکردگی پر بات کرتے ہوئے آفتاب قریشی نے کہا کہ وہ پاکستانی کھلاڑیوں کی پرفارمنس سے بالکل مطمئن نہیں ہیں، بین القوامی ایونٹس میں اپنا نام پیدا کرنے کے لیے کھلاڑیوں کو بہت محنت کرنا ہو گی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی حکومت کے آنے سے کھیل کے شعبے میں بہتری آئے گی۔


متعلقہ خبریں