تھر کے شہروں کا سٹی سروے کرانے کا مطالبہ


کراچی: سندھ اسمبلی میں  ضلع تھرپارکر کے شہروں میں سٹی سروے کرانے کی قرارداد جمع کرائی گئی ہے۔ قرارداد پاکستان پیپلز پارٹی کے اقلیتی رکن صوبائی اسمبلی سریندر ولاسائی نے جمع کرائی ہے۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ  کلوئی، ڈیپلو، اسلام کوٹ، چیلہار، چھاچھرو اور ننگر پارکر سمیت ضلع تھرپارکر کے تیزی سے بڑھتے ہوئےشہروں میں سٹی سروے کرایا جائے۔

قرارداد میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ تھر کول سے بجلی کی پیداور شروع ہونے سے قبل تھرپارکر کے شہروں میں پیشگی جامع منصوبابندی کی اشد ضرورت ہے اور اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ تھرکول بجلی کی پیداوار کے نتیجے میں معاشی سرگرمیاں شروع ہونے سے پہلے ہی اقدامات اٹھائے جائیں۔

قرارداد کے مطابق پیشگی اقدامات نہ کیئے گئے تو مذکورہ آبادیاں شہری سہولیات سے محروم اور کنکریٹ و اینٹوں کا بے ترتیب و بے ہنگم جنگل بن جائیں گی۔

قرارداد میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ سٹی سروے مکمل ہونے تک ماسوائے پہلے سے موجود تعمیرات و رہائش کے سرکاری زمینوں کی خرید و فروخت پر پابندی عائد کی جائے اور اس طرح کے سیل ایگریمینٹس کو سرکاری زمینوں پرقبضہ تصور کر کے قانونی کاروائی کی جائے۔


متعلقہ خبریں