وزیر اعظم نے پنجاب اسپورٹس فیسٹیول کی اجازت دے دی

وزیر اعظم نے پنجاب اسپورٹس فیسٹیول کی اجازت دےدی


لاہور: وزیر اعظم عمران خان نے  صوبائی وزیر کھیل تیمور بھٹی کو پنجاب میں اسپورٹس فیسٹیول کے انعقاد کی اجازت دے دی ہے۔

عمران خان نے وزیر کھیل کو پنجاب میں کھیلوں کے میدان آباد کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے انہیں ہدایت کی کہ صوبے میں کرکٹ سمیت تمام کھیلوں کے مقابلے اسکول، کالجز کے علاوہ یونین کونسل کی سطح پر بھی کرائے جائیں۔

وزیر اعظم عہدہ سنبھالنے کے بعد آج اپنے پہلے دورہ پنجاب کے سلسلے میں لاہور میں موجود تھے، انہوں نے اس موقع پر پنجاب کابینہ کے ارکان سے ملاقات کی۔

عمران خان نے صوبائی وزراء کو اپنی وزارتوں میں غیرضروری اخراجات ختم کر کے سادگی اپنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ کسی بھی وزیر کے ساتھ پروٹوکول برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران وزیر اعظم کو پولیس کے نظام میں ریفارمز لانے سمیت صحت کارڈز اور اطلاعات تک رسائی (آرٹی آئی) کے بل پر بھی بریف کیا گیا۔

اس سے قبل صوبائی  کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عمران خان نے بلدیاتی نظام فوری تبدیل کرنے کی ہدایت جاری کی، انہوں نے پنجاب میں جاری اورنج لائن ٹرین سمیت تمام ترقیاتی منصوبوں کا آڈٹ کرانے کا حکم بھی دیا ہے۔


متعلقہ خبریں