یوٹیلٹی اسٹورز کی 14 سو شاخیں بند کرنیکا فیصلہ

فائل:فوٹو


اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عوام کو اشیائے ضروریہ سستے نرخوں پر فراہم کرنے کے لیے ملک بھر میں قائم یوٹیلیٹی اسٹورز کی 14 سو شاخیں بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و صنعت عبدالرزاق دائود نے جمعہ کے روز پارلیمنٹ کے ایوان بالا کو بتایا کہ گزشتہ تین سال میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو 13 ارب روپے سے زائد کا نقصان ہوا ہے اس لیے حکومت نے ملک میں قائم یوٹیلٹی سٹورز کی 14 سو شاخیں بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے سینٹ کو بتایا کہ حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کو مکمل بند کرنے کا فیصلہ نہیں کیا بلکہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو محدود کیا جائے گا۔

وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کی ان 14 سو شاخوں میں کام نہ ہونے کے برابر ہے اس لیے انہیں بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز حکومت نے یوٹیلیٹی اسٹورز کے لیے اشیاء کی خریداری پر پابندی عائد کر دی تھی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت و صنعت عبدالرزاق داؤد کی ہدایت پریوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن میں ہرطرح کی خریداری بند کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔

خریداری کی بندش سے یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاء کی دستیابی ختم ہو جائے گی۔ پابندی سے متعلق حکومتی اعلان کے بعد سوالات اٹھے تھے کہ حکومت کےاس فیصلہ سے یوٹیلیٹی اسٹورزکارپوریشن کے 14 ہزار ملازمین کا مستقبل بھی داؤ پر لگ جائے گا۔


متعلقہ خبریں