ڈیمز کی تعمیر کے لیے رقوم کی آمد جاری

نئے ڈیموں کی تعمیر، کے پی کے افسران، واپڈا اور ججز کا بھی فنڈز دینے کا اعلان | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی جانب سے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے قائم کیے گئے اکاؤنٹ میں ڈیڑھ ارب روپے سے زائد کی رقوم جمع ہو چکی ہیں۔

ڈیمز کے لیے بیرون ملک سے بھی رقوم جمع کرائی جا رہی ہیں، بینک ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ فنڈز امریکہ سے جمع کرائے گئے ہیں۔

اب تک امریکہ سے 43 لاکھ 71 ہزار، برطانیہ سے 12 لاکھ 94 ہزار، عرب امارات سے 8 لاکھ  64 ہزار جبکہ سعودی عرب سے 3 لاکھ 97 ہزار روپے کی رقوم جمع کرائی جا چکی ہے۔

اسی طرح جرمنی سے 15 لاکھ 13 ہزار روپے، بحرین سے 6 لاکھ 83 ہزار روپے جبکہ ایس ایم ایس کے ذریعے ڈیم فنڈز میں 4 کروڑ 96 لاکھ روپے کی امداد جمع ہو چکی ہے۔

پاکستان کے پڑوسی ملک بھارت کے شہریوں کی جانب سے بھی پاکستان کے ڈیم فنڈز میں رقوم جمع کرائی جارہی ہیں اور اب تک بھارت سے 18 ہزار 460 روپے کی رقم پاکستان بھیجی گئی ہے۔

جسٹس ثاقب نثار نے ڈیموں کی تعمیر کے لیے قائم کیے گئے فنڈ میں 10 لاکھ روپے جمع کرائے تھے جبکہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے ڈیم کی تعمیر کے لیے 15، 15 لاکھ روپے عطیہ دینے کا اعلان کیا تھا۔

کوئٹہ کے 9 سالہ علی شیر نے اپنی سائیکل اور کھلونوں کے لیے جمع کیے گئے دس ہزار روپے فنڈز میں جمع کر کے ملک گیر شہرت حاصل کی جبکہ میئر کراچی وسیم اختر سمیت کئی اہم شخصیات نے بھی ڈیمز کی تعمیر کے لیے لاکھوں روپے اکاؤنٹ میں جمع کرائے ہیں۔

ڈیمز کی تعمیر کے لیے بینک ملازمین نے اور پاک فوج کے اہلکاروں نے ایک روز جبکہ پاک فوج کے افسروں  نے 3 روز کی تنخواہ جمع کرانے کا اعلان کیا تھا۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق بھاشا اور مہمند ڈیمز کی تعمیر کے لیے پاکستانی عوام ملک بھر کی 16 ہزار بینک برانچوں میں اپنے عطیات جمع کرا سکتے ہیں۔

ڈیمز کی تعمیر کے لیے قائم کیے گئے فنڈز کا اکاؤنٹ چیف جسٹس کی ہدایت پر 5 جولائی کو فعال کیا گیا تھا اور اکاؤنٹ میں 6 جولائی سے رقم جمع ہونا شروع ہو گئی تھی۔


متعلقہ خبریں