صدارتی انتخاب: پنجاب اسمبلی کا اجلاس 4 ستمبر کو طلب

پنجاب اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے شروع، نومنتخب ارکان حلف اٹھائیں گے

لاہور: صدارتی انتخاب کے لیے پنجاب اسمبلی کا اجلاس 4 ستمبر کو صبح 10 بجے طلب کر لیا گیا ہے، اجلاس قائم مقام اسپیکر سردار دوست محمد مزاری کی جانب سے طلب کیا گیا۔

ہم نیوز کے مطابق اجلاس میں کرسی صدارت کے لیے ووٹنگ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ہو گی جس کا  باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

اس سے قبل چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا نے صدارتی انتخاب کے لیے پیپلزپارٹی کی جانب سے اعتزاز احسن، ن لیگ کی جانب سے مولانا فضل الرحمان اور تحریک انصاف کے امیدوارعارف علوی کے کاغذات نامزدگی منظورکر لیے ہیں۔

صدارتی امیدوار کے لیے متحدہ اپوزیشن ابھی تک کسی ایک امیدوار پر متفق نہیں ہو سکی، اپوزیشن میں پائے جانے والے اختلافات کے باعث حکومتی امیدوار کی جیت کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔

منگل کو مولانا فضل الرحمان نے آصف علی زرداری کے ساتھ ملاقات کی تھی اور ان سے اپنی حمایت کے لیے بات کی تاہم پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے مشاورتی اجلاس کے بعد اعتزاز احسن کے نام پر ڈٹے رہنے کا فیصلہ کیا۔

صدارتی انتخاب چار ستمبر کو پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوں گے۔

 


متعلقہ خبریں