مقبوضہ کشمیر میں دو مزید کشمیری شہید


سرینگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں بھارتی فوج نے علاقے کا  محاصرہ کرکے شروع کیے گئے سرچ آپریشن میں دو مزید کشمیریوں کو شہید کر د یا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض انتظامیہ نے اننت ناگ اور کلگام  میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جس کے دوران گھر گھر تلاشی لی جا رہی ہے۔ آپریشن کے دوران علاقے میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سرچ آپریشن جاری ہے جس کے دوران بھارتی فوج نے اب تک دو کشمیریوں کو شہید کردیا ہے۔ قابض بھارتی فوج نےاننت ناگ کے علاقے بن پورا منی ورڈ کو بھی گھیرے میں لے لیا ہے۔

دریں اثناء آل پارٹیز حریت کانفرنس نے بھارتی قابض افواج کی جانب سے کشمیریوں کی شہری آزادیوں پر حملے کو بدترین جنگی جرم قرار دیا ہے۔

آل پارٹیز حریت کانفرنس نے منگل کے روز اپنے مجلس عاملہ کے اجلاس میں حریت کے چئیرمین سید علی گیلانی کے مسلسل نظربندی پر تشویش کا  اظہار کیا۔

اجلاس کی صدارت آل پارٹیز حریت کانفرنس کے جنرل سیکٹری غلام نبی نے کی۔ اجلاس میں اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ بھارتی قابض افواج شہریوں کو نا صرف دھمکاتے ہیں بلکہ ان کی توہین کرتے ہیں اور ان سے زیادتیاں  بھی کرتے ہیں۔


متعلقہ خبریں