یوم دفاع 2018: ہمیں پیار ہے پاکستان سے


اسلام آباد: پاک فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس سال یوم دفاع و شہدا 2018 ’ہمیں پیار ہے پاکستان سے‘  کے عنوان پر بنایا جائے گا، مرکزی تقریب کے انقعاد کے لیے جی ایچ کیو میں بھر پورتیاریاں جاری ہیں اور یہ تقریب جی ایچ کیو سے براہ راست نشر بھی کی جائی گی۔

پاک بھارت جنگ 1965 میں پاکستانی افواج کی شاندار دفاعی کارکردگی اور قربانیوں کی یاد میں یوم دفاع ہر سال 6 ستمبر کو پاکستان میں ایک قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور باجوہ نے یوم دفاع کی تقریب کے حوالے سے  پلاننگ کانفرنس میں بتایا کہ اس بار یوم دفاع و شہدا ہر سال سے منفرد انداز میں منایا جائے گا، کسی بھی شہید کی شہادت کو بھلایا نہیں جائے گا۔

کانفرنس میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ اس سال شہید ہونے والے جوانوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے قوم کے نمائندے شہداء کے گھروں پرجائیں گے اور لواحقین سے یکجہتی کا اظہار کریں گے۔

میجر جنرل آصف غفور کے مطابق ملک کے تمام فضائی اڈوں، ریلوے اسٹیشنز اور شاپنگ مالز پر شہداء اور قومی ہیروز کی یاد تازہ کرنے کے لیے تصاویر آویزاں کی جائیں گی، یوم دفاع پرافواجِ پاکستان جنگی ہتھیاروں کی نمائش بھی کرے گی۔

ملک بھر میں یوم دفاع کے روز شہداء کے لواحقین اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے چھاؤنیوں اور تعلیمی اداروں میں  تقریبات بھی منعقد کرائی جائیں گی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور باجوہ نے یوم دفاع پلاننگ کانفرنس میں شہداء اور غازیوں کوسلام پیش کرتی ان تقریبات میں عوام سے بھرپور انداز میں شرکت کی اپیل کی ہے انھوں نے کہا کہ ’ آئیے زندہ قوم کی طرح اپنے شہدا کو یاد رکھیں، شہید ہمارے اصل ہیرو ہیں‘۔


متعلقہ خبریں