عارف علوی کی درخواست پر جہانگیر ترین کی واپسی


اسلام آباد: صدارتی انتخاب کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار عارف علوی کی درخواست پر پی ٹی آئی رہنما جہانگیر خان ترین اپنا دورہ لندن مختصر کرکے وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔

معاملے سے واقف ذرائع کے مطابق عارف علوی نے گزشتہ روز جہانگیر ترین سے رابطہ کیا اور صدارتی انتخاب میں کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی۔

عارف علوی کے رابطہ کرنے پر جہانگیر ترین نے لندن دورہ مختصر کرنے کا فیصلہ کیا اور پہلی دستیاب فلائٹ سے پاکستان پہنچے ہیں۔

جہانگیر ترین نے گیارہویں عام انتخابات کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی حکومت سازی میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا جس کے بعد وہ 21 اگست کو ایک ماہ کے لیے لندن چلے گئے تھے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیے جانے کے بعد پارٹی کی جنرل سیکرٹری شپ سے ہٹائے جانے والے جہانگیر ترین نے اپنے بیرون ملک دورے کا مقصد چھٹیاں بتایا تھا۔

گزشتہ روز ٹوئٹر پر جاری کردہ پیغام میں بھی تحریک انصاف کے صدارتی امیدوار عارف علوی نے تصدیق کی تھی کہ انہوں نے جہانگیر ترین سے وطن واپس آنے کا کہا ہے تاکہ صوبوں میں جا کر رابطے کیے جا سکیں۔


متعلقہ خبریں