ریلوے افسران کے شیخ رشید سے اختلافات سامنے آنے لگے


لاہور: پاکستان ریلوے کے چیف کمرشل منیجر محمد حنیف گل نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے ماتحت کام کرنے سے انکار کرتے ہوئے 2 سال کی چھٹی کی درخواست کر دی۔

محمد حنیف گل نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ وہ غیر منصفانہ اور غیر ذمہ دارانہ رویے کے حامل وزیر کے ماتحت کسی صورت کام نہیں کرسکتے کیونکہ وزیر ریلوے کا ماتحت عملے کے ساتھ رویہ انتہائی غیر مناسب ہے اور جہاں عزت نہیں، وہ وہاں کام نہیں کر سکتے۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے وزارت سنبھالتے ہی ریلوے بیورو کریسی کے ان کے ساتھ اختلافات سامنے آ رہے ہیں۔

چیف کمرشل مینجر ریلوے کو منانے اور ڈیوٹی پر واپس لانے کے لیے کئی افسران نے اپنی سی کوششیں کی ہیں لیکن حنیف گل بضد ہیں کہ وہ بطور رکن سول سروسز آف پاکستان شیخ رشید کی وزارت میں کام نہیں کریں گے۔

گزشتہ روز ریلوے کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آنے پر شیخ رشید احمد نے شدید برہمی کا اظہار کیا تھا اور سختی سے تمام افسران کو اجلاس کی کوئی بھی بات باہر کرنے سے منع کیا تھا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں شیخ رشید احمد نے ریلوے کے ان تمام منصوبوں کی تعریف کی تھی جن کو وہ اپنی پریس کانفرنس میں شدید تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں