وزیر پیٹرولیم نے ڈیزل سستا کرنے کا عندیہ دے دیا

Petrol

اسلام آباد: وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہے کہ وہ ڈیزل کی قیمتیں پیٹرول کے برابر لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے اپنی وزارت کا چارج سنبھالنے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 2004 سے قبل پیٹرول زیادہ تر ملک کا امیر طبقہ استعمال کیا کرتا تھا اور اسی وجہ سے ڈیزل کی قیمتیں پیٹرول سے کم ہوا کرتی تھیں۔

وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور ٹیکس کا اطلاق عالمی مارکیٹ کے مطابق ہوگا۔ ڈیزل غریب آدمی استعمال کرتا ہے، ڈیزل کی قیمتیں پیٹرول کے برابر لانےکی کوشش کریں گے، موجودہ قیمتوں کے پیش نظر ڈیزل 17 روپے 70 پیسے فی لیٹر سستا ہوگا۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اپنے دور حکومت میں وہ ڈیزل کی قیمتیں پیٹرول کے برابر لانے کی کوشش کریں گے۔

حکومت کے اس قدم سے ڈیزل کی قیمتیں 17 روپے  70 پیسے فی لیٹر تک کم ہوجانے کا امکان ہے۔

نگراں حکومت نے رواں ماہ کے لئے ڈیزل کی قیمت 112 روپے 94 پیسے فی لیٹر مقرر کی تھی جبکہ فی لیٹر پٹرول 95 روپے 24 پیسے دستیاب ہے۔  اس وقت پیٹرول کے مقابلے میں ڈیزل  کی قیمت فی لیٹر 17 روپے 70 پیسے زیادہ ہے۔

غلام سرور خان نے اپنے اعلان پر عمل درآمد کے لیے کسی واضح تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔


متعلقہ خبریں