سپریم کورٹ میں اہم مقدمات کی سماعت ہوگی


لاہور:سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں آج عدالت عظمی کے دو بنچز  پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے سروس اسٹرکچر سے متعلق سوموٹو کیس سمیت دیگر اہم مقدمات کی سماعت کریں گے۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثارکی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجازالاحسن پر مشتمل فل بنچ  پاکستان کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوٹ کے سروس اسٹرکچر سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت کرےگا۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اور سیکرٹری صحت عدلتی نوٹس پرآج سپریم کورٹ میں پیش ہوں گے۔ چیف جسٹس نے پی کے ایل آئی کے سروس اسٹرکچر اور مبینہ کرپشن پر ازخود نوٹس لے رکھا ہے۔

اس ضمن میں فارینزک آڈٹ ٹیم کی جانب سے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کرائی جا چکی ہے۔ فارینزک رپورٹ میں کرپشن، پیپرا رولز کی خلاف ورزی اور خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے سے متعلق انکشافات کیے گئے ہیں۔

عدالت عظمیٰ کی سربراہی میں قائم بنچ پنجاب میں پا نچ سال کے دوران دیے گئے میگا پراجیکٹس سے متعلق از خودنوٹس کیس کی سماعت بھی کرے گا۔

وفاقی محتسب کی سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹیڈ کے خلاف درخواست پر بھی سماعت ہوگی۔ اس کے علاوہ مذکورہ بنچ لاء کالجوں سے متعلق ازحود کیس کی بھی سماعت کرے گا۔

سپریم کورٹ آف پاکستان کا دوسرا بنچ جو جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں قائم ہے اور جس کے اراکین میں جسٹس منظوراحمد ملک اور جسٹس منصورعلی شاہ شامل ہیں، واپڈاایمپلائزکوآپریٹوسوسائٹی ملتان کے پلاٹوں میں مبینہ کرپشن پر گرفتار ملزم طلحہ بیگ اور عبدالرزاق کاشف کی درخواست ضمانت سمیت دیگر اہم مقدمات کی سماعت کرے گا۔

عبدالرزاق کاشف اور طلحہ بیگ پر 86 کروڑ 24 لاکھ روپے مالیت کے  539 پلاٹوں کی خرید وفروخت میں کرپشن کا الزام ہے۔


متعلقہ خبریں