پاکستان بھر میں نماز عید ادا کر دی گئی

صدر مملکت، وزیر اعظم سمیت دیگر رہنماؤں کی عوام کو عید مبارک

اسلام آباد: پاکستان بھر میں واقع مساجد اور عید گاہوں میں علی الصبح چھ بجے شروع ہونے والا نماز عید کا سلسلہ مکمل ہو چکا ہے جس کے بعد سنت ابراہیمیؑ کی پیروی میں قربانیاں کی جا رہی ہیں۔

ملک بھر میں عید قرباں مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہ، شہر شہر نماز عید کے چھوٹے بڑے سیکڑوں اجتماعات ہوئے۔ علماء نے اپنے عید کے خطبات میں فلسفہ قربانی اور حضرت ابراہیم علیہ السلام کے اللہ کے حکم پر اپنا سب کچھ قربان کرنے کے جذبے   پر روشنی ڈالی۔

نماز عید کے اجتماعات کے موقع پر ملکی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

صدرمملکت ممنون حسین نے نمازعید پولوگراؤنڈ کراچی میں ادا کی جب کہ  پی ٹی آئی کے نامزد صدر عارف علوی نے شہر قائد کے علاقے ڈ یفنس کی جامع مسجد بیت السلام میں نماز عید ادا کی۔

مئیرکراچی وسیم اختر، وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی، ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن، محفوظ یار خان، مرزا اختیار بیگ اور دیگر  نے نماز عید پولو گراؤنڈ میں ادا کی۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بہاؤالدین ذکریا مسجد میں نمازعید ادا کی۔ جماعت اسلامی کے سربراہ سینیٹر سراج الحق نے عید کے نماز جامع مسجد منصورہ میں ادا کی، انہوں نے منصورہ میں عید کا خطبہ بھی دیا۔

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے عید کی نماز لاہور میں ادا کی، بزدار بعیر پروٹوکول کے اپنی ذاتی گاڑی میں نماز ادا کرنے آئے جس کے بعد وہ یتیم بچوں کے مرکز دارالشفقت پہنچے جہاں انہوں نے میڈیا سے گفتگو بھی کی۔

قائم مقام گورنر اور اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی نے عید اپنے آبائی علاقے ایبٹَ آباد میں  ادا کی۔ مشتاق غنی نماز عید کے بعد شہریوں سے گلے ملے۔

فیصل آباد میں نماز عید کا بڑا اجتماع ڈی ٹائپ کے علاقے محمد پارک میں ہوا جہاں دوسروں کے علاوہ پی ٹی آئی کے ممبر قومی اسمبلی فرخ حبیب نے بھی نماز عید ادا کی۔

چیف جسٹس آف پاکستان ثاقب نثار نے لاہور کی اسلامیہ مسجد میں نماز عید ادا کی۔


متعلقہ خبریں