عمران کو 90 اور مجھے 30 دن چاہئیں، شیخ رشید


اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو 90 دن چاہئیں جبکہ مجھے صرف 30 دن کا وقت درکار ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ پہلے بھی ریلوے کی وزارت سنبھال چکے ہیں اس لیے اس بار کسی اور وزارت میں کام کرنا چاہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ وہ عوام کا شکریہ ادا کرنے آئے ہیں، نئے پاکستان میں ریلوے سیکٹر کو ترقی دینے کے لیے عوام کی مدد درکار ہو گی۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات پر توجہ دی جائے گی کہ لاہور سے اسلام آباد تک کا سفر اڑھائی سے تین گھنٹے میں طے ہو سکے۔

شیخ رشید نے کہا کہ تمام سرمایہ کاروں کو پاکستان ریلویز میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں، وہ آئیں اور ٹریک کے پیسے دے کر اپنی ٹرین چلائیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میڈیا اور سوشل میڈیا استعمال کرنے والے ہماری خامیوں کی نشاندہی کریں تا کہ ہم اپنے کام میں بہتری لا سکیں۔

شیخ رشید نے بتایا کہ آٹھ ڈرائی پورٹس، مارگلہ اور چکلالہ ریلوے اسٹیشن کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ انہوں نے نے 32 ریلوے اسٹیشنز کو بہتر بنانے کی بات بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کو اہمیت دیں گے، اس روٹ پر تمام ٹریکس کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں