اسد قیصر کی پنجاب اور بلوچستان کے وزرا ئے اعلی کو مبارکباد


اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سردار عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب  اور جام میرکمال خان کو وزیر اعلیٰ بلوچستان منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے اور اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ ان کا انتخاب دونوں صوبوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہو گا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری  بیان کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ جام میر کمال خان بلوچستان کی عوام کے مسائل کو زیادہ بہتر جانتے ہیں، اُن کا وزیر اعلیٰ بلوچستان منتخب ہونا بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ایک مثبت عمل ہو گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے مطابق جام میر کمال خان کا شمار اُن چند سلجھے اور سیاسی بصیرت کے حامل سیاستدانوں میں ہوتا ہے جن کی قیادت میں بلوچستان کے مسائل حل ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان بے شمارقدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور امید ہے کہ جام میر کمال کی قیادت میں صوبے کے عوام ترقی کی راہ پر گامزن ہوں گے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ  سردار عثمان بزدار کی قیادت میں پنجاب تر قی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو گا اور درپیش چیلنجوں کا خاتمہ ہو گا۔

اپنے پیغام میں اسد قیصر نے اس توقع کا اظہار کیا کہ سردار عثمان بزدار پنجاب کے عوام کی امنگوں پر پورا اتریں گے اور عوام سے کیے گئے وعدے پورے کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سردار عثمان بزدار کا انتخاب پنجاب کے پسماندہ طبقے سے تعلق رکھنے والے عوام کے لیے نیک شگون ہوگا۔


متعلقہ خبریں