دوست محمد مزاری پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منتخب

دوست محمد مزاری پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منتخب

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے دوست محمد مزاری پنجاب اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہو گئے ہیں۔

دوست محمد مزاری نے 187 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدمقابل پاکستان مسلم لیگ نون کے محمد وارث کو 159 ووٹ ملے، ڈپٹی اسپیکر کے عہدے کے لیے کل 348 ووٹ ڈالے گئے جن میں سے 2 ووٹ مسترد ہوئے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہیٰ نے ایوان کو بتایا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ کا انتخاب 19 اگست 2018 کو صبح 11 بجے ہو گا، کاغذات نامزدگی 18 اگست 2018  کو شام 5  بجے تک اسمبلی سیکرٹریٹ میں سیکرٹری اسمبلی کے دفتر میں جمع ہوں گے۔

اس سے قبل پی ٹی آئی اور پاکستان مسلم لیگ ق کے مشترکہ امیدوار پرویز الہیٰ 201 ووٹ لے کر پنجاب اسمبلی کے اسپیکر منتخب ہوئے تھے۔

پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کو 186 ارکان کی حمایت حاصل تھی، اسپیکر کے لیے ہونے والی خفیہ رائے شماری میں انہیں 15 ووٹ زیادہ ملے ہیں جبکہ ڈپٹی اسپیکر کے لیے انہیں اپنی تعداد سے ایک ووٹ زیادہ ملا ہے۔

پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ نون کے حامیوں کی تعداد 162 تھی تاہم انہیں ڈپٹی اسپیکر کے لیے 159 ووٹ حاصل ہوئے۔

پی ٹی آئی قومی اسمبلی، خیبرپختونخوا اسمبلی اور پنجاب اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب جیت چکی ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں ان کا وزیراعلیٰ بھی متخب ہو چکا ہے، اب انہیں قومی اسمبلی میں وزارت عظمیٰ اور پنجاب اسمبلی میں وزارت اعلیٰ کا مرحلہ درپیش ہے۔


متعلقہ خبریں