پارلیمنٹ لاجز خالی کرانے میں قومی سرمائے کا ضیاع


اسلام آباد : پارلیمنٹ لاجز میں غیر قانونی قبضوں کے خلاف کیپیٹل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی ( سی ڈی اے) اور پولیس کا آپریشن 7 گھنٹوں تک جاری رہا۔

غیر قانونی رہائش گاہوں کے خلاف آپریشن تیسرے مرحلے میں داخل ہو گیا ہے جس میں حکام نے لاجز میں موجود 26 سرونٹ کواٹرز اور پارلیمنٹیرینز کے فلیٹس سے ملحقہ سائڈ روم خالی کرا  لیے ہیں۔

سی ڈی اے حکام کی جانب سے تالے توڑ کر تبدیل کرنے کے بعد الاٹیز کے نام جاری لیٹرز بھی چسپاں کیے جا رہے ہیں، پارلیمنٹ لاجز میں فلیٹس اور دکانیں خالی کرانے کے معاملہ میں قانون کی عمل داری کے ساتھ  قومی سرمائے کا ضیاع بھی دیکھنے میں آیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سی ڈی اے اور انتظامیہ جلتی بجلی میں دکانوں اور اسٹورز کو سیل کر رہے ہیں جس کی وجہ سے سیل کی گئی دکانوں میں تین دن سے پنکھے اور لائٹیں جل رہی ہیں۔

سی ڈی اے حکام سے اس بارے میں  پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ہوسکتا ہے جب دکانیں سیل کی گئی ہوں اس وقت لوڈ شیڈنگ ہو۔

سی ڈی اے حکام کا موقف ہے کہ سیل کی گئی دکانوں کو قانونی کارروائی کے بعد ہی کھولا جا سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں