پی ٹی آئی، نون لیگ اور پیپلز پارٹی کی لڑائی کا مزہ لے، عامر ضیاء


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ ہماری پارٹی کسی غیر آئینی عمل کی حمایت  نہیں کرے گی، ہم سب سے پہلے اپوزیشن کو ساتھ  لے کر چلیں گے، اسی لیے دوران اجلاس عمران خان خود چل کر اپوزیشن کی طرف گئے۔

’ہم نیوز‘  کے پروگرام  ’پاکستان ٹونائٹ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ ہمیں عوام نے کرپشن فری پاکستان کے لیے ووٹ دیا ہے، ہم اپنے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے اور  اداروں کو مضبوط کریں گے۔

عثمان ڈار نے کہا کہ پیپلز پارٹی بھٹو اور بے نظیر کی سیاست کی بات کرتی ہے لیکن انہوں نے خود بھٹو اور بے نظیر کے قاتلوں کو کابینہ میں بٹھا دیا۔

انہوں نے کہا کہ نون لیگ اور پیپلز پارٹی کا اتحاد غیر فطری تھا، سیاسی تاریخ دیکھ  لیں، انہوں نے کیسے ایک دوسرے پر بڑھ چڑھ  کر حملے کیے اور جملے کسے، تحریک انصاف نے پہلے ہی کہا تھا کہ ہم ان دو پارٹیوں کے ساتھ اتحاد نہیں کریں گے، آج الحمدللہ عمران خان ان دونوں پارٹیوں کے بغیر وزیر اعظم بننے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا  کہ ماضی میں پاکستان کی سیاست میں یہ تاثر رہا ہے کہ جب بھی دو سیاسی جماعتیں ہاتھ  ملا  لیں تو یہ مک مکا کی نشانی ہے، تحریک انصاف اپوزیشن کو ساتھ  لے کر چلے گی لیکن ہم حکومت میں رہتے ہوئے کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ  ہم نے پہلے ہی کہا تھا کہ انتخابات میں بدترین دھاندلی ہوئی ہے جس سے جمہوری نظام میں دراڑیں پڑ سکتی ہیں پیپلز پارٹی نے واضح کیا ہے کہ ہم ہر دھاندلی کا مقابلہ پارلیمان میں رہ کر کریں گے، ہم نے کہیں بھی نازیبا زبان یا ناشائستہ لہجہ استعمال نہیں کیا۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ سیاسی عمل میں ہم کسی کو بے توقیر نہیں کر رہے، ن لیگ بھی ایک اکثریتی پارٹی ہے، وہ جو بیان دے ان کی مرضی ہے لیکن پارٹی کا مشترکہ فیصلہ ہے کہ ہمارے کچھ تحفظات ہیں اور کچھ تلخیوں کے بعد مشکل ہے کہ ہم کل جا کر ووٹ ڈالیں۔

سینیئر تجزیہ کار عامر ضیاء نے پاکستان ٹونائٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لوٹی ہوئی دولت کو باہر سے لانا مشکل کام  ہے، یہ نعرہ اچھا لگتا ہے لیکن  ہمیں حقیقت پسند ہونا چاہیے اور  معیشت کو اصلاحات سے مضبوط کرنا چاہیے۔

عامر ضیاء نے کہا کہ جہاں میچور سیاست ہوتی ہے وہاں کام کرنے کا طریقہ اور ہوتا ہے، پیپلز پارٹی میچور سیاست کر رہی ہے، ہم لوگ سیاست میں مورال گراؤنڈ پر بات کرتے ہیں لیکن سیاست میں جو چیز کامیاب ہو جائے وہ صحیح ہوتی ہے،  ابھی شیری رحمان سے سوالات پوچھے گئے لیکن انہوں نے جواب نہیں دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت پی ٹی آئی کو ن لیگ اورپیپلز پارٹی کی لڑائی کا مزا لینا چاہیے۔


متعلقہ خبریں