پیپلز پارٹی نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کے لیے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا

پیپلز پارٹی رہنماؤں کی ڈی چوک پر پڑاؤ ڈالنے کی تجویز

لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے ارکان پنجاب اسمبلی نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں حصہ نہیں لیا۔

پارٹی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں بتایا ہے کہ پارٹی کے صرف ایک رکن نے پارٹی پالیسی کے خلاف انتخاب میں حصہ لیا اور اپنا ووٹ کاسٹ کیا، انہوں نے کہا کہ اس رکن کے خلاف انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے 6 ارکان اسمبلی ایوان میں حاضری کے بعد واپس چلے گئے تھے۔

انہوں نے ان خبروں کی تردید بھی کی کہ پارٹی کی ایم  پی اے شا زیہ عابد  نے ووٹنگ میں حصہ لیا تاہم  رئیس نبیل نے پارٹی پالیسی کے خلاف اسپیکر کے لیے ووٹ کاسٹ کیا۔

دوسری طرف پنجاب اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ نے پنجاب کے سابق وزیر قانون رانا ثنا اللہ کے بیان پر ردعمل میں کہا کہ مسلم لیگ نون اپنی مرضی تھوپ کر پیپلز پارٹی سے ووٹ نہیں لے سکتی۔

انہوں نے واضح کیا کہ آصف علی زرداری کی کوئی مجبوری نہیں اور نہ ہی  پیپلزپارٹی کو کسی سے کوئی رعایت چاہیے۔

انہوں نے رانا ثنا اللہ  کو خبردار کیا کہ حد سے تجاوز نہ کریں، پیپلزپارٹی سے ووٹ لینے ہیں تو شہباز شریف کی جگہ کسی اور کو نامزد کریں کیونکہ جیالے ارکان اسمبلی شہباز شریف کو ووٹ نہیں دینا چاہتے.


متعلقہ خبریں