نوجوانوں کو امن، ترقی اور محبت کے راستے پر لائیں گے، بلاول


اسلام آباد: چیئرمین  پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم  نوجوانوں کو ترقی، امن اور محبت کے راستے پر لائیں گے اور عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے یہ بات ذرداری ہائوس اسلام آباد میں ہونے والے پیپلزپارٹی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کی صدارت وہ اور پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرنز کے صدر آصف علی ذرداری کر رہے تھے۔

بلاول بھٹو زرداری نے نومنتخب ارکان اسمبلی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے نظریے پر قائم ہیں اور پارلیمنٹ میں بیٹھ کر اپنی پارٹی کے نظریے اور ملکی مسائل کے حل پر کام  کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوام خاص طور پر نوجوانوں کے ذہن میں نفرتوں کا جو زہر بھرا گیا ہے ہم اُسے ختم  کریں گے اور ہماری جدوجہد ایک دن کی جدوجہد نہیں ہے بلکہ ہماری جدوجہد  سے ملک اور پارٹی کا نام روشن ہو گا۔

بلاول بھٹو نے ارکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ پر فخر ہے کیونکہ آپ نے مشکل حالات کا مقابلہ کیا اور کامیابی حاصل کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ہمیں جمہوریت کے دائرے میں رہنا اور حالات کا مقابلہ کرنا ہے، جمہوریت کا نقصان ملک کا اور ہمارا نقصان ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانا ہمارا مشن ہے، ہم چاہتے ہیں کہ جنوبی پنجاب ترقی کرے اور عوام  کو مشکلات سے نجات ملے۔


متعلقہ خبریں