نومنتخب ارکان سندھ اسمبلی کی حلف برداری آج ہو گی


کراچی: نومنتخب سندھ اسمبلی کا پہلا اجلاس پیر 13 اگست 2018 کو ہو گا، حالیہ انتخابات میں کامیاب اراکین اسمبلی حلف اٹھائیں گے، اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نو منتخب ارکان سے حلف لیں گے۔

سندھ اسمبلی کا ایوان 168 ارکان پر مشتمل ہے، 130 ارکان کا چناؤ براہ راست انتخابات کے ذریعے عمل میں آتا ہے، خواتین اور اقلیتوں کے لیے مخصوص 38 نشستیں سیاسی جماعتوں کو ایوان میں اکثریت کی بنیاد  پر ملتی ہیں۔

انتخابی نتائج  اور مخصوص نشستیں ملنے کے بعد 98 نشستوں کے ساتھ پیپلز پارٹی کو حکومت سازی کے لیے درکار اکثریت حاصل ہے اور اسے کسی جماعت کی حمایت کی ضرورت نہیں۔

تحریک انصاف 30 سیٹوں کے ساتھ  ایوان میں دوسری اور ایم  کیو ایم 20 نشستوں کے ساتھ  تیسرے نمبر پر ہے، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے)  کی 14 ، تحریک لبیک پاکستان کی 2  اور متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے)  کی ایک نشست ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی نے سید مراد علی شاہ کو وزیراعلیٰ، آغا سراج درانی کو اسپیکر اور ریحانہ لغاری کو ڈپٹی اسپیکر نامزد کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتیں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے مشترکہ امیدوار لائیں گی، ایم  کیو ایم سے اسپیکر اور جی ڈی اے سے ڈپٹی اسپیکر کا امیدوار لیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کا وزیراعلیٰ کے عہدے کے لیے مشترکہ امیدوار پی ٹی آئی سے ہو سکتا ہے، پی ٹی آئی کے رہنما حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ کوشش ہے تمام عہدوں کے لیے اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار لائیں اور اسمبلی میں مثالی اپوزیشن کا کردار ادا کریں۔


متعلقہ خبریں