سی پیک حالیہ دہشت گردی کا ہدف ہے، چیئرمین قائمہ کمیٹی

سی پیک حالیہ دہشت گردی کا ہدف ہے، چیئرمین قائمہ کمیٹی

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ  کے چیئرمین سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ بلوچستان اور گلگت بلتستان میں ہونے والے حملے سی پیک کے ارد گرد ہو رہے ہیں اور ان حملوں کے پیچھے ملک دشمن عناصر کا ہاتھ ہے۔

قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں انہوں نے بلوچستان میں چینی انجنیئرز اور گلگت بلتستان میں پولیس اہلکاروں پر ہونے والے حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کی نئی لہر بہت تشویش ناک ہے۔

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے میں تین پولیس اہلکاروں کی شہادت پر دکھ ہوا ہے، پولیس چیک پوسٹ پر حملہ لڑکیوں کے اسکول جلانے اور تباہ کرنے کا ہی تسلسل ہے۔

سینیٹر رحمان ملک کا کہنا تھا کہ چینی باشندوں پرحملہ انتہائی قابل مذمت اور افسوس ناک ہے، ملک دشمن عناصر ایسے واقعات سے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔

قائمہ کمیٹی نے چینی انجنیئرز پر خودکش حملے اور گلگت بلتستان میں پولیس اہلکاروں پر دہشت گردوں کے حملوں پر آئی جی بلوچستان اور آئی جی گلگت بلتستان سے تفصیلات طلب کر لی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بھی پاکستان میں چینی انجنیئرز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ان دہشت گرد حملوں سے خوفزدہ نہیں ہو گا اور ان کا بھرپور مقابلہ کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد حملے میں چینی انجنیئرز اور سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں، تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

 


متعلقہ خبریں