کیپٹن صفدر کی میڈیکل رپورٹس نارمل


اسلام آباد: سابق وزیراعظم محمد نوازشریف کے داماد اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی تمام رپورٹس کو پانچ رکنی میڈیکل بورڈ نے نارمل قرار دے دیا ہے۔

پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کیپٹن صفدر کے لیبارٹری ٹیسٹوں پر مشتمل تمام تشخیصی مراحل مکمل کر لیے گئے ہیں، ڈاکٹرز نے آپریشن کو آخری آپشن کے طور پر رکھا ہوا ہے۔۔

انہوں نے بتایا کہ کیپٹن صفدر کی شوگر نارمل ہے جبکہ کولیسٹرول اور ٹرائیگلائیسرایڈ میں معمولی اضافہ موجود ہے، ان کا تفصیلی میڈیکل ٹیسٹ کیا گیا ہے اور میڈیکل بورڈ کے تمام ڈاکٹرزکیپٹن صفدر کی دیکھ بھال کر رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق کیپٹن صفدر کا 17 ماہ قبل منی گیسٹرک ٹرانسپلانٹ ہوا تھا جس کی وجہ سے انہیں پیچیدگیوں کا سامنا ہے تاہم خون کے نمونوں کی تشخیص کے بعد کوئی خرابی نہیں پائی گئی، انہیں مزید دو روز اسپتال میں رکھے جانے کا امکان ہے۔

کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں 6 جولائی کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی اور آٹھ جولائی کو انہوں نے راولپنڈی میں ایک ریلی کے بعد گرفتاری دی تھی، کیپٹن صفدر کو نواز شریف اور مریم نواز کے ہمراہ اڈیالہ جیل میں ہی رکھا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں