پی ٹی آئی تمام عہدے خود نہیں رکھ سکتی، شبلی فراز

پی ٹی آئی تمام عہدے خود نہیں رکھ سکتی، شبلی فراز

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ ان کی جماعت تمام عہدے خود نہیں رکھ  سکتی اس لیے ہو سکتا ہے کہ وہ ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ اپنے کسی اتحادی کو دے دیں۔

ہم نیوز کے پروگرام ’بڑی بات‘ کے میزبان عادل شاہ زیب سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2013 کے بعد سے پاکستان میں لہر چلی تھی کہ آزمائے ہوؤں کو نہیں آزمانا چاہیے۔

شبلی فراز کا کہنا تھا کہ چوہدری سرور نے نون لیگ کے دور میں بھی گورنرشپ سے استعفیٰ دیا تھا تاہم اس بار پی ٹی آئی کے دورحکومت میں وہ بہتر کام کر سکیں گے۔

پیپلزپارٹی کی رہنما روبینہ خالد نے کہا کہ اداروں کے ٹکراؤ کی صورتحال اچھی نہیں ہے، بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے اندر لڑی جانے والی جنگ بہتر ہوتی ہے تاہم پارلیمنٹ سے باہر لڑائی کا آپشن بھی موجود ہے۔

ورلڈ بینک کے سابق مشیر ہارون شریف نے کہا کہ پاکستان کو پچھلے 30 برس کے دوران 12 مرتبہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کے بیل آؤٹ پروگرام کے لیے جانا  پڑا، ملک کی خارجہ پالیسی کئی سال سے اندرونی اور بیرونی مسائل سے دوچار رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو خطے میں تجارت کے لیے جامع پروگرام ترتیب دینے کی ضرورت ہے، ہندوستان کے ساتھ ہمارے تعلقات کافی پیچیدہ ہیں لیکن خطے کی باقی منڈیوں میں سرمایہ کاری کر کے پاکستان اپنی معاشی صورتحال بہتر کر سکتا ہے۔


متعلقہ خبریں